ایل سیز کھلنے میں مشکلات بر قرار ہیں ‘ پاکستان انٹر نیشنل فریٹ فارورڈرز

471
containers

لاہور:پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ موجودہ ابتر حالات میں آئندہ مالی سال کا بجٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اس لئے حکومت کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے فی الفور مشاورت شروع کرنی چاہیے ، ایل سیز کھلنے کے حوالے سے مشکلات بدستور بر قرار ہیں جس سے فریٹ فارورڈنگ کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رانا طارق محمود، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران فرحان سلیم ،سیف اللہ خان،محمد ارشد،اسد اللہ خان،سابق چیئرمین محمد جمیل احمد،اظہار الحق قمر،محمد الیاس چودھری اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ ڈالرز کی قلت کو ختم کرنے کے لیے سوچ بچار کرے ۔ ایسی مراعاتی اسکیمیں لائی جائیں جس سے نہ صرف پاکستان کے اندر لوگ ڈالرز کو مارکیٹ میں لائیں بلکہ اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان میں ڈالرز بھیجیں ۔ فارن ایکسچینج ڈیلرز کی جانب سے حکومت کو ڈالرز کی قلت ختم کرنے کے لئے جو پیشکش کی گئی ہے اس پر بھی غور کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کارگو ز کے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں ، روزانہ کی بنیاد پر ڈیمرج پڑنے سے کاروباری طبقے کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اوراس کے لئے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ۔