افغان دارالحکومت میں خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

317
=

کابل: افغانستان میں وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

فورسز نے علاقے کا گھیرا وکرکے تفتیش شروع کردی۔افغان پولیس نے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کی تصدیق کردی۔

سیکورٹی ترجمان خالد زردان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی وزارت خارجہ کی چیک پوائنٹ پر روکا گیا، جہاں اس نے دھماکا کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے میں کئی شہری جاں بحق و زخمی ہوئے، زخمیوں میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ترجمان طالبان کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا تو سیکورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔خود کش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ہلاک ہونے والے تمام افراد شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم اب تک اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق کابل دھماکے کی تاحال کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے داعش کی جانب سے کئی حملے کیے جاچکے ہیں، جن کی ذمے داری بھی تنظیم قبول کرچکی ہے۔