عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ

550

نیویارک:    عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ ہو گئی، جس کے نتیجے میں  خام تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو گئی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جس کے مطابق تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔

ٹریڈنگ کے دوران برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6 فیصد کمی سے 72 عشاریہ 80 ڈالرز کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6.39 فیصد کمی کے بعد 66.77 ڈالرز پر آگئی۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ گیس کی قیمت بھی ساڑھے 6 فیصد کم ہوئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت تیل کی قیمتیں دسمبر 2021 کی قیمتوں کی سطح پر آ گئی ہیں۔تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا پاکستان کے صارفین کو فوری ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔