نجی ایئر لائن کی جانب سے دوران پرواز تحائف دینے پر مسافر نے مقدمہ درج کرادیا

723

ابو ظہبی:نجی ایئر لائن کی جانب سے دوران پرواز تحائف دینے پر ایک مسافر نےعدالت کا رخ کرلیا اور ایئر لائن پر ہی مقدمہ درج کرا دیا،یہ واقعہ متحدہ عرب امارات میں پیش آیا ہے جہاں ابوظہبی کی ایک فیملی اور سول کورٹ میں مسافر نے نجی ایئر لائن کے خلاف اپنی نوعیت کا عجیب مقدمہ درج کرایا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عدالت میں مسافر نے درخواست دی کہ مذکورہ ایئر لائن نے میرے بچوں کو پرواز کے دوران ایسے غیر معیاری تحائف دیے جن سے ان کے پاسپورٹ بھی خراب ہوگئے ہیں لہذا ایئر لائن سے 10ہزار درہم ہرجانہ اور مقدمے کے اخراجات دلوائے جائیں۔

درخواست گزار کے مطابق دوران پرواز ایئر ہوسٹس نے جو تحائف تقسیم کیے وہ اس ایئر لائن کی تشہیر کے لیے تھے۔ تحائف میں رنگین کتابچے اور پاسپورٹ کور شامل تھے، جن پر ڈزنی لینڈ اسٹارز کی تصاویر بنی ہوئی تھیں۔

بچوں نے یہ کور اپنے پاسپورٹس پر لگا لیے جب گھر جاکر دیکھا تو پاسپورٹ خراب ہوچکے تھے۔ مسافر نے عدالت میں مذکورہ ایئر لائنز میں اپنی بکنگ اور پاسپورٹ کی تصاویر دعوے کے ثبوت کے طور پر پیش کیں۔

دوسری جانب ایئرلائن کے وکیل نے عدالت سے کیس مسترد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مسافر کا اپنے بچوں کو تحفے میں دیے گئے کور پاسپورٹ پر چڑھانے کی اجازت دینا خود ان کی غلطی تھی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مقدمہ خارج کر دیا اور مدعی کا کوئی بھی مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔