جھوٹے مقدمات سے حق دو تحریک دبائی نہیں جاسکتی، مولاناہدایت الرحمن بلوچ

555
towards ruin

کوئٹہ:حق دوتحریک کے قائد  اور جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مولاناہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہےکہ ماؤں بہنوں ،ضعیف بیمار بزرگوں اوربھائیوں کو گرفتار ،تشدد،زخمی کرنے ،گولیاں چلانے ،چاردروچاردیواری کا تقدس پامال کرنے اورجھوٹے مقدمات بناکر قید وبندکرنے سے حق دو تحریک دبائی نہیں جاسکتی۔

مولانا ہدایت الرحمن نے کہاکہ وزیرداخلہ ،پولیس سربراہ ،وزراء بیوروکریسی اور انتظامیہ مسلسل غلط بیانی کرکے حالات خراب کررہے ہیں، طاقت وگولی دھمکی وگرفتاری سے گوادر کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے گرفتار افراد کو رہا،مقدمات ختم اور اغواء ولاپتہ کیے گیے کارکنان کو فوری رہا کریں، بلوچستان میں گولی ولاٹھی کے سرکار مسلسل ظلم وجبر کے مرتکب ہورہے ہیں ۔

حق دوتحریک کے قائد نے کہاکہ بلوچستان کے مظلوم عوام کا حق مانگنا جر م بن گیا ہے، اسمبلی ممبران ،انتظامیہ آفیسرزاورسیکورٹی فورسزنے چیک پوسٹوں ،ساحل اور بارڈرپر رشوت ،بھتہ وغنڈہ ٹیکس کو منافع بخش کاروبار بنا لیا ہے، ساحل پر لاکھو ں کروڑوں بھتہ لیکر ٹرالرمافیازکو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، ٹرالر مافیازآج بھی گوادرساحل سمندی حیات کی نسل کشی میں مصروف ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس ظلم کے خلاف حق دو تحریک آوازبلند کر رہی ہے جس پر لاٹھی چارج کرکے گولی کی زبان میں بات کرکے احتجاج کرنے والوں کو گرفتار ،لاپتہ کیا جاتاہے بلاوجہ کے مقدمات بناکر جیلوں تھانوں میں قید کیا جاتاہے۔حق مانگنے والوں پر تشددکرکے خواتین ومعذوراورمجبور لوگوں کو زخمی کیاجاتاہے بدعنوانوں راشی لٹیروں کی موجودگی میں بلوچستان میں حق کیلئے آوازاُٹھانابدترین جر م بن گیا ہے۔