بلوچستان، سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

317

کوئٹہ:صوبہ بلوچستان میں رواں سال بارشوں اور سیلاب سے 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے، سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا سروے مکمل کر لیا، رواں سال بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے صوبے میں 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے، نصیر آباد میں سب سے زیادہ 94 ہزار 578 مکانات کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، 2 لاکھ 92 ہزار 526 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ بارشوں اور سیلاب سے 103 ڈیمز شدید متاثر ہوئے، 2 ہزار 221 کلو میٹر قومی، بین الصوبائی اور لنک شاہراہیں بہہ گئیں، قومی شاہراہوں پر قائم 25 پل بھی ٹوٹ گئے۔ سیلاب کی زد میں آ کر ہرک کے مقام پر ایک ریلوے پل بھی بہہ گیا۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 10 لاکھ سے زائد لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے جاں بحق 336 افراد کے لواحقین میں چیک تقسیم کیے گئے۔