لیاری گینگ وار سرغنہ عذیر بلوچ مزید 3 مقدمات میں بری

346

کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ اور دیگر ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر مزید تین مقدمات میں بری کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت جوڈیشل کمپیلکس نے لیاری گینگ وارکے سرغنہ عذیر بلوچ و دیگر کے خلاف درج تین مقدمات کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے عدم شواہد کی بنا پر تینوں مقدمات میں عذیر بلوچ و دیگر کو بری کردیا،  دیگر بری ہونے والے ملزمان میں ذاکر ڈاڈا اور شاہد عرف ایم سی بی شامل ہیں۔

عذیر بلوچ کے وکیل عابد زمان ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ پولیس کی جانب سے عذیر بلوچ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور  پولیس نے عذیر بلوچ کے خلاف شواہد عدالت میں پیش نہیں کیے۔

پولیس کے مطابق عذیر بلوچ و دیگرکے خلاف تینوں مقدمات کلری تھانے میں2017 میں درج کیے گیے تھے، عذیر بلوچ و دیگر پر قتل،اغوا اور پولیس مقابلے سمیت دیگر الزامات تھے۔

عذیر بلوچ اب تک 22 مقدمات میں بری ہوچکے ہیں جب کہ ان کے خلاف 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔