پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی پرواز 36 عازمین حج کو چھوڑ کر روانہ ہوگئی

282

اسلام آباد ایئرپورٹ سے جدہ جانے والی پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی پرواز 36 عازمین حج کو چھوڑ کر روانہ ہوگئی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز مس کر جانے والے عازمین حج تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے، جس کے باعث پرواز انہیں چھوڑ کر روانہ ہوگئیں، 22 مسافروں نے پی آئی اے اور 14 مسافروں نے سعودی ایئرلائن سے جانا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرلائن کے مسافر بارش کی وجہ سے تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے جبکہ پی آئی اے پرواز کے مسافروں کو تاخیر سے ویزا ملا، مسافروں کو ضروری سہولیات مہیا کر رہے ہیں اور جلد کوئی حل نکل آئے گا۔

دوسری جانب عازمین حج کا کہنا ہے کہ تمام مسافر بروقت ائیرپورٹ پہنچے، صبح 10 بج کر 20 منٹ پر پرواز جانی تھی۔ عازمین حج کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی پر اے ایس ایف کو طلب کرلیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ویزوں میں تاخیر کے باعث مسافر نہ جا سکے اور اس میں قومی ایئر لائن کا کوئی قصور نہیں، عازمین کو ویزوں کا اجراء بروقت نہ ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے نے عازمین کے لیے پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار رکھی لیکن پرواز میں مزید تاخیر سے سعودی حکومت کا اجازت نامہ منسوخ ہونے کا اندیشہ تھا، سعودی عرب جانے سے رہ جانے والے عازمین کا واحد حل حکومتی اجازت ہے۔