پولیس نے کیش وین لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی،3 ملزمان گرفتار

336

کراچی: کراچی ایسٹ کی سچل پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کیش وین لوٹنے کی کوشش ناکام بنا کر تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے سچل کے علاقے میں ایک کیش وین کو لوٹنے کی کوشش کی۔ اس دوران اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی تاہم ملزمان نے فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان صابر علی، غلام مجتبی اور محمد زبیر عرف دیار مقابلے میں زخمی ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ کیش وین میں لاکھوں روپے موجود تھے تاہم پولیس نے ڈکیتی کو ناکام بنا دیا جبکہ گرفتار زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔