الیکشن چاہیے تو جائیں قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیں، مریم اورنگزیب

312

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن چاہیے تو جائیں قومی اسمبلی سے استعفی دیں، بیرونی سازش کی باتیں سیاست کے علاوہ کچھ نہیں، یہ استعفے دیں گے

نہ مراعات چھوڑیں گے، نئے پاکستان میں نوکریاں ملیں اورنہ ہی معیشت بہتر ہوئی، وزیراعظم آفس کو ذاتیات کیلئے استعمال کیا گیا، سرکاری وسائل سے لوگوں کی پگڑیاں اچھالی گئیں، معیشت اور روزگار تباہ ہوتے رہے، انکے اثاثے بڑھتے رہے۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نبی کریم کی شان اقدس میں کی گئی گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہوں،حرمت رسول ﷺ پر بیان پر ہرمسلمان کی جان و مال قربان ہے،گستاخانہ باین بی جے پی کی انتہا پسندانہ اور بیمار سوچ کی عکاسی کرتا ہے،گزشتہ حکومت چار سال میں ذاتی مفادات کےلئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا،ملکی مفادات کو انگوٹھی اور ہیروں کے عوض بیچا گیا،یہ ایک انگوٹھی اور گھڑی کا معاملہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان،بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کا گٹھ جوڑ ذاتی مفادات کے حصول کےلئے تھا،گزشتہ چار سال مافیا اپنی جیبیںبھرتے رہے اور عوام کی جیبیں خالی ہوتی رہیں،عمران خان نے وزیراعظم آفس کو اپنے ذاتی مفادات اور الزام تراشی کےلئے استعمال کیا،عمران خان نے سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر عمران خان الیکشن چاہتے ہیں تو اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس اپنے استعفوں کی تصدیق کےلئے کیوں نہیں گئے،عمران خان الیکشن چاہتے ہیں لیکن اسمبلی کی مراعات اور تنخواہیں بھی لینا چاہتے ہیں،2018ءمیں لوگوںکے پاس روزگار تھا،لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی صفرتھی جبکہ ملک ترقی کی جانب گامزن تھا،

عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا اور ان کے منصوبے بھی بند کردئیے،عمران خان نے مسلم لیگ ن سے انتقام لینے کےلئے دوست ممالک کے خلاف کارروائی کرکے ان کو جیل میں ڈالا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ ترکی میں شاندار استقبال میں عمران خان حواس باختہ ہیں،وزیراعظم ترکی میں آپ کا پھیلایا ہوا گند صاف کرنے گئے تھے،

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چار سال میں 3ارب 29کروڑ روپے کے اشتہارات دے کرگئی،وہ اشتہارات ہم نے نہیں بلکہ آپ نے دیئے تھے،پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں غریب مزید غریب ہوگیا،عمران خان عوام کو لوٹ کرگئے اور اشتہارات دیتے رہے کہ ہم مصروف ہیں،

ہم عمران خان کے دور حکومت کے اشتہارات کے پیسے مالکان کو اداکررہے ہیں،ملک اور عوام کے مفاد کےلئے اشتہارات دینا حکومت کا استحقاق ہے،ملکی مفاد کےلئے وفاقی حکومت جو بہتر ہے وہ کرے گی،تاریخ میں پہلی بار بزنس کمیونٹی کو وزیراعظم نے مدعو کیا تھا،بزنس کمیونٹی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف پری بجٹ کانفرنس کی صدارت کریں گے،

ان لوگوں نے ملکی مفادات اور خارجہ پالیسی کو مذاق بنادیا تھا،اقتدار میں آنے کا ان کا مقصد آمدن اور اثاثے بڑھانا تھا،پہلے چینی باہر بھیجی گئی اور پھر مہنگی قیمت پر باہر سے منگوائی گئی،ہم عوام کے حقوق کےلئے اقدامات کررہے ہیں،ہماری حکومت ملک میں مہنگائی کم کرکے عوام کو ریلیف دے گی۔