عمران خان کی آئندہ کال پر کے پی کے کی فورس استعمال کرینگے،محمود خان

257

پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے وفاقی حکومت کیخلاف طاقت کے استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آزادی مارچ میں غیر مسلح گئے تھے، اب صوبے کی فورس استعمال کریں گے، کارکنوں کی شہادت کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے۔وہ انصاف لائرز فورم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوںنے کہا کہ میں نے لیگل ٹیم سے مشاورت کی ہے، امپورٹڈ حکومت جو صوبے کیساتھ کر رہی ہے اس کابدلہ ضرورلیں گے،انہیں کسی صورت نہیں بخشیں گے۔ تحریک انصاف کے شہیدوزخمی کارکنان کاکیس عدالت عظمیٰ میں دائرکیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مارچ میں غیر مسلح گئے تھے، خان صاحب مارچ کا اعلان کریںگے تو خیبرپختونخوا کی فورس استعمال کروںگا، شہباز شریف مینٹل کیس ہے، بشام میں وہ اپنے کپڑے فروخت کرنا چاہتا تھا، چوری کے کپڑے کوئی نہیں خریدتا، وزیراعظم کو الٹی میٹم دے رہا ہوں کہ کے پی کا حق واپس لے کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم 24 گھنٹے میں آٹے کی قیمت کم کرنے کا الٹی میٹم دیتا ہے لیکن میں وزیراعظم کوالٹی میٹم دیتاہوں اپناحق ہم چھین کرلیں گے۔