وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوبارہ کنٹینر ز رکھ دیئے گئے

332

راولپنڈی (آن لائن)تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے دوبارہ لانگ مارچ کی دھمکی کے 6دن پورے ہونے پر حکومت نے ممکنہ لانگ مارچ روکنے کیلیے راولپنڈی میں ایک بار پھر الرٹ کر دیا ہے اس مقصد کیلیے جڑواں شہروںکے سنگم سمیت اہم داخلی و خارجی و راستوں پر کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیںتاہم فی الوقت ٹریفک اور شہری آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں راستے تو بند نہیں کیے گئے لیکن کنٹینروں کی آمد سے یہ واضح ہو گیا کہ وزیرداخلہ کی ہدایت کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت کو محفوظ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ریڈ زون کے داخلی راستوں کے علاوہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ اب کسی کو احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، جس نے بھی احتجاج کرنا ہے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ اجازت لے۔