حج کے کرایے ڈالر کے مساوی پاکستانی روپے میں ہوں گے،پی آئی اے

390

لاہور ،اسلام آباد(آن لائن،اے پی پی) قومی ائرلائن پی آئی اے نے حج آپریشن کے سلسلے میں عازمین حج کے سفری کرایوں اور قوائد کے بارے میں شیڈول جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق 31مئی سے شروع ہونے والے قومی ائر لائنز کے حج آپریشنز کے تحت سفر کرنے والے عازمین حج کو ڈالروں کے مساوی اخراجات ادا کرنا پڑیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ فی عازم حج کو 805 ڈالر سے 1150ڈالر کے مساوی پاکستانی رقم ادا کرنا پڑے گی جبکہ عازمین حج اپنے ساتھ 40 کلو وزنی بیگ اور 700 کلو وزنی ہینڈ کیری کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء حج 2022 کیلیے عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کیلیے پہلی حج پرواز کی روانگی 4 جون کو متوقع ہے، حج سے قبل فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا، حجاز مقدس روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل سعودی عرب کی منظور شدہ لیبارٹریوں سے پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا۔ پیر کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن عازمین کے پاسپورٹ آ چکے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پہلی حج پرواز 4 جون کو روانہ کر دی جائے تاہم اس میں ایک دو دن کی تاخیر بھی ہو سکتی ہے، حج سے قبل فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 32 ہزار پاکستانی سرکاری اور تقریباً 48 ہزار پرائیوٹ اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے، حج فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے، سعودی ائر لائن اور یئربلیو حصہ لیں گی۔ وزارت مذہبی امور نے سرکاری اور پرائیوٹ اسکیموں کے تمام عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ سعودی قوانین اور کورونا ایس او پیز کے تحت ان کی پرواز کی سعودی عرب روانگی سے 72 گھنٹے قبل کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا، پاکستان میں سعودی عرب کی منظور شدہ لیبارٹریوں کی تفصیلات وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔