عمران خان کلمہ پڑھ کر کہہ دیں ملک ریاض سے رابطہ نہیں کیا‘ وزیر اعلیٰ سندھ

318

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور آصف زرداری کی لیک آڈیو کو درست سمجھتا ہوں نہ عمران خان اور نہ آصف زرداری نے آڈیو کی تردید کی ،سنا ہے شاہ محمود قریشی نے تردید کی ہے، عمران خان کلمہ پڑھ کر کہہ دیں کہ میں نے ملک ریاض سے رابطہ نہیں کیا،تیسرا بندہ شاہ محمود قریشی اس وقت موقع پر موجودتھا جو تردید کر رہا ہے، عمران خان ہر تقریر سے پہلے کلمہ پڑھتا ہے تو اب بھی کلمہ پڑھ کر تردید کردے ، اسلامی ٹچ ویسے بھی یہ تقریر میں دیتے رہتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کے کیسز میں 15 سے 20 بار پیش ہو چکا ہوں کیس کے ملزمان کراچی سے آتے ہیں اور حاضری لگا کر اگلی تاریخ دے دی جاتی ہے نیب کے کیس میں کچھ بھی نہیں ہے ایک دن کے لیے بھی پلانٹ بند نہیں ہوا ،بجلی بن رہی ہے۔قبل ازیں احتساب عدالت کے جج سیداصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں نیب نے شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر جواب جمع کرادیا۔پیر کے روز سماعت کے دوران مراد علی شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت نے کیس کی سماعت 16جون تک ملتوی کر دی۔