چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر قسم کی سہولت فراہم کریں گے،وزیراعظم

596
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندگان ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر قسم کی سہولت اور آسانی فراہم کریں گے۔اسلام آباد میں چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے مالی، امدادی اور تحریری شرائط کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمیں اپنے چینی دوستوں کے تعاون کی ضرورت ہے،چین ہمارا سچا اور با اعتبار دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستان اور چین کی دوستی خطے میں سب سے پرانی دوستی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 2 دہائیوں میں چین نے بے مثال ترقی کی یہ پاکستان کے لیے ایک نمونہ ہے، یہ وہ ماڈل ہے جس کے نقشے قدم پر پاکستان کو چلنے کی ضرورت ہے یہ پاکستان کو جدت کی طرف لے کر جائے گا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین ہماری مدد کرے اور ہمیں بتائے کہ کس طرح زرعی ترقی ممکن ہے، صنعتی پیداوار کو کس طرح بہتر کیا جاسکتا ہے، ہمیں بتائیں کہ کس طرح مہنگے ایندھن کے بجائے سولر اور ہائیڈرو پارکس سے بجلی کی پیداوار ممکن ہے۔انہوںنے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان کو آگے لے کر جانے کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان کو ہر شعبے میں چین کے تعاون کی ضرورت ہے،پاکستان کو توانائی کے شعبے میں مشکلات درپیش ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے چین کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔علاوہ ازیںوزیراعظم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے 4سال میں کٹوتیوں نے اعلیٰ تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے۔ ایچ اسی سی کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیاجائے، اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں،اعلیٰ تعلیم کو عالمی معیار پر استوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزیروں اور وزارتوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر میں آٹے کی قیمت حکومتی اعلان کے مطابق بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کہا کہ عوام کو حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مزید برآں وزیراعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ائر فورس ملکی فضائی سرحدوں کی بہترین حفاظت کر رہی ہے۔