حادثات وواقعات میں نومولود سمیت 12افراد جاں بحق

320

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات وپر تشدد واقعات کے دوران نومولود سمیت 12افراد جاں بحق ہوگئے دیگر واقعات میں 19افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق۔ میمن گوٹھ تھانے کی حدود ملیر کے علاقے درسانوں چھنوں میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 4افراد جاںبحق 13افراد زخمی ہوگئے،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ درسانوں چھنوں میں زمین کے تنازعے میں جاں بحق ہونے والوں میں بڈھا ولد محمد انور، عبدالجبار ولد سہیل ڈنو،عبدالحسن ولد ولی محمداور محمد انور ولد قادر بخش شامل ہیں ،جاں بحق اور زخمیوں کو قانونی اور طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغا زکر دیاہے ، ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں تصادم کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا ، پولیس کے مطابق جوکھیو اور حیدری فقیر گروپ کے درمیان پلاٹ کے تنازع پر فائرنگ ہوئی ہے، پولیس شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے15 سے زائد ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ گرفتار ملزمان سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں حب چوکی سپنا میڈیکل سینٹر کے قریب مین روڈ سے نومولود بچے کی لاش ملی ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دیاگیا۔ ادھر گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک 4 ڈسکو بیکری کے قریب قائم رہائشی عمارت سے گر کر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 24 سالہ عبداللہ ولد امام کے نام سے ہوئی۔واقعے کی جانچ جاری ہے۔ اورنگی ٹاؤن نمبر 8 داتا نگر مدینہ مسجد کے قریب گھر کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 17 سالہ احمر ولد طاہر جاں بحق ہوگیا ۔شارع نور جہاں کے علاقے نارتھ ناظم بلاک جے قلندریہ چوک خیرالبشر مسجد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 22 سالہ عبداللہ حسن ولد محمد حسن جاں بحق ہوگیا۔بہادر آباد کے علاقے کارساز میری ٹائم میوزیم کے قریب ٹریفک حادثے میں 26 سالہ محسن جاں بحق ہوگیا ۔بن قاسم تھانے کی حدود پورٹ قاسم یونائیٹڈ کمپنی کے قریب ٹریفک حادثہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔قائدآباد کے علاقے اسپتال چورنگی قریب ڈمپر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس نے ڈمپر کو اپنی تحویل میں لیکر تھانے منتقل کردیا ہے ،تاہم پولیس نے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ڈھائی ڈی سی آفس کے قریب قائم گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لیکر اسے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 50 سالہ فیروز احمد ولد شفیق احمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر والوں کے بیان کے مطابق متوفی کئی دنوں سے پریشان تھا۔علاوہ ازیں شہر میں فائرنگ و دیگرواقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔