فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کے پابند ہیں ، ڈپٹی کمشنر بدین

342

بدین (نمائندہ جسارت ) ضلع بدین میں 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 2022 کے انتظامات کے ضمن میں ڈپٹی کمشنر بدین / ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر آغا شاہنواز خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بدین نجیب الرحمن جمالی، الیکشن آفیسر بدین مشتاق علی، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکارز، ضلع بھر کے ریٹرننگ آفیسرز ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ جمہوری عمل میں ووٹ کی کلیدی حیثیت ہے، ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات مکمل کرکے عوام کو ایک ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں تمام ووٹرز پولنگ اسٹیشنز پر آکر اپنا ووٹ کا حق با آسانی سے ادا کر سکیں۔ انہوں نے تمام ریٹرننگ آفیسرز ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ہدایت دی کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فری اینڈ فئیر الیکشن کرانے کے پابند ہیں لہذا تمام متعلقہ افسران کوئی بھی ایسی بات نہ کرے جس کہ باعث مسائل کا سامنا ہو جبکہ تمام آر اوز اور اے آر اوز اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ الیکشن کے عمل کے دوران کوئی بھی افسر اپنا موبائل فون بند نہیں کرئے گا اور کوآرڈینیٹشن کے ساتھ اپنے امور کی انجام دہی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے الیکشن آفیسر اور اے ڈی سی بدین کو باہمی رابطے اور بروقت آگہی کے لیے گروپس بنانے کی ہدایت دی اور ہدایت کی کہ اسکروٹنی کے طریقے کار، کمیونیکیشن پلان ، ریکارڈ کیپنگ ، ٹرانسپورٹ، ڈسپیچ اور حساس میٹریل کی کلیکشن سمیت تمام عوامل کے لیے کوآرڈینیٹشن کے ساتھ لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ پولنگ کے دن ممکنہ مسائل سے بچا جاسکے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ریٹرننگ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ نامزد کیے جانے والے پولنگ سٹیشن کا دورہ کریں اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیں۔