موٹروے: کراچی سے جانیوالی بس میں آگ بھڑک اٹھی، 17 مسافر جاں بحق

10311

کوٹری: جامشورو کے قریب ایم نائن موٹر وے پر مسافر کوچ میں اچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں اب تک 17 مسافروں کے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جانے والی مسافر کوچ کے پچھلے حصے میں کوٹری کے قریب ہائی وے پر اچانک آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں گاڑی 50 فیصد سے زائد جل کر راکھ ہوگئی جبکہ ابھی بھی آگ پر قابو نہیں پایا گیا، آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر مسافر کوچ میں بھگدڑ مچ گئی، جس پر مسافروں نے چلتی کوچ کا دروازہ کھول کو چھلانگیں لگائیں۔

ڈرائیور نے کوچ کو روک کر مسافروں کو باہر نکالا۔ مسافر کوچ میں خواتین اور بچوں سمیت 77 سے زائد مسافر سوار تھے۔ ایس ایچ او نوری آباد ہاشم بروہی نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 17 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا ابھی کچھ پتا نہیں چل رہا ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔