بجلی چوری کا خاتمہ ترجیح ہے ، حیسکو چیف

10451

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو نور احمد سومرو نے آپریشن ڈویژن لطیف آباد کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور بجلی چوروں اور ناہندگان کے خلاف جاری کارروائیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائن اسٹاف کو اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے موجود عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چور ہمارا دشمن ہے، بجلی چوری کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ان کے خلاف مروجہ قانون کے تحت بجلی چوری کی ایف آئی آر درج کرائی جائیں اور بجلی چور کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، جو صارف بجلی کا بل ادا نہیں کرسکتا اس کو بجلی کی فراہمی نہیں کر سکتے، کیونکہ حیسکو کمرشل ادارہ ہے جو اپنے صارفین تک بجلی کی فراہمی کا کام سرانجام دیتا ہے، لہٰذا نادہندگان سے 100 فیصد واجبات کی وصولی کریں جس کے لیے صارفین کو درست ریڈنگ کے ساتھ بجلی کے بل دیے جائیں اور اگر صارفین بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں کرتے تو ان کے خلاف مروجہ قانون کے تحت کارروائیاں کی جائیں اور بلا تفریق بجلی کے کنکشن منقطع کردیے جائیں۔ جو صارفین 100 فیصد بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں ان کے بجلی کے کنکشن بحال رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں بھی کنڈہ /غیر قانونی بجلی کا کنکشن نظر آیا تو اس افسر /ملازم کے خلاف مروجہ قانون کے تحت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر حیسکو چیف کے ہمراہ، ایکسین لطیف آباد حیسکو ظفرعلی سولنگی، ایس ڈی او علامہ اقبال امجد علی شیخ، ایس ڈی او شہید امید علی صلاح الدین، ایس اینڈ آئی کے اے، ڈی، ولی داد چانڈیو اپنے تکنیکی عملے کے ہمراہ موجود تھے،پی، ایس، او عرفان کریم شیخ اور حیسکو ترجمان محمد صادق اکبر موجود تھے۔