عیدالاضحیٰ سے قبل لمپی اسکن کے مویشیوں پر حملے، کراچی سب سے زیادہ شکار

7054

کراچی / حیدر آباد: کراچی سمیت سندھ بھر میں لمپی اسکن وائرس سے متاثر مویشیوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں وائرس کے شکار جانور سب سے زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں-

واضح رہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل ہر شہر میں مویشی منڈیاں بنائی جا رہی ہیں، جہاں شہری بڑی تعداد میں قربانی کے لیے جانوروں کی خریداری کی غرض سے جا رہے ہیں، تاہم مویشیوں پر لمپی اسکن وائرس کے حملے بڑھنے کے باعث شہری نئی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں-  محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق صوبے میں لمپی اسکن وائرس سے متاثر اندراج شدہ جانوروں کی تعداد 53 ہزار 393 ہو گئی ہے جب کہ 571 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کے سب سے زیادہ کیس کراچی میں رپورٹ ہوئے، جن کی تعداد 20 ہزار 907 ہو چکی ہے جب کہ تازہ اعداد شمار کے مطابق کراچی میں آج مزید 26، حیدر آباد میں 6، ٹنڈو محمد خان میں 3، عمر کوٹ میں 4، سانگھڑ میں 5 مویشیوں میں لمپی سکن وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں مٹیاری میں 3، شہید بینظیر آباد میں 2، گھوٹکی میں 4، سکھر میں 3، جیکب آباد میں 4، کشمور میں 5 مویشی لمپی سکن وائرس سے متاثر ہوئے۔ اس وقت صوبے بھر میں مجموعی طور پر 5 ہزار 363 مویشی وائرس میں مبتلا ہیں جب کہ 47 ہزار 459 مویشی کامیاب علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 27 لاکھ سے زائد مویشیوں کو لمپی سکن وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔