عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2008 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

495
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2008 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

نیویارک: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 13 سال بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 130 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 124 ڈالر کی سطح پر موجود ہے۔ گیس کی قیمت 5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی سطح عبور کر گئی ہے جبکہ سونے کی قیمت میں بھی تیزی کا رحجان دیکھا جا رہا ہے اور فی اونس سونا 2 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

یوکرین پر روس کے حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا غیر معمولی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد ہوا کہ امریکا روس پر تیل کی درآمدات پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہا ہے۔

ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رحجان دیکھا گیا، جاپان اور ہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹس میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔