وزیراعظم پورٹل پر شکایت کا شاخسانہ ،پولیس نے مبینہ مقابلے میں نوجوان کو ہلاک کردیا

273

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر ) وزیراعظم پورٹل پر شکایت کا شاخسانہ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10کے رہائشی سعید کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا‘ ڈکیتی کامبینہ الزام ‘مقتول سعید صبح مزدوری کے لیے نکلا تھا رات گئے پولیس نے نارتھ کراچی میں محمد شاہ قبرستان کے قریب مقابلے میں قتل کردیا جبکہ مبینہ طور پر اس کے ایک ساتھی کو زخمی بھی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سر سید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر ڈی سیون محمد شاہ قبرستان کے قریب گیٹ نمبر 2پر مبینہ مقابلے میںپولیس کی فائرنگ سے 2ملزمان 37سالہ سعید ولد حامد اور 25سالہ اسامہ ولد خلیل کو زخمی حالت میں گرفتار کر نے کا دعوی کیا گیا ۔ جبکہ پولیس نے دعوی کیا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، مسروقہ موٹر سائیکل اور ایک 30بور پستول برآمد ہوئی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ملزم سعید دوران علاج دم توڑ گیا ،ذرائع کے مطابق ملزم سعید کو ایس آئی یو پولیس نے کچھ عرصہ قبل بھی گرفتار کیا تھا ،جس کی شکایت14جنوری کو وزیراعظم پورٹل پر کی گئی تھی ‘ضمانت پر رہائی کے بعد پولیس کے دباؤ کے باعث مقتول سعید پورٹل پر شکایت سے متعلق بیان دینے پر آمادہ نہیں تھا، اور شکایت واپس لے لی تھی ۔واضح رہے کہ پولیس نے 12جنوری کو گرفتار کرنے کے بعد ملزم کی بہنوں سے فون نمبر0303-2415217پر 50ہزار روپے منگوائے تھے تاکہ اسے فل یا ہاف فرائی نہ کیا جائے۔مقتول سعید کے والدین انتقال کرگئے ہیں جبکہ وہ اپنی دو غیر شادی شدہ بہنوں کا کفیل تھا۔