امریکا سمیت 28 ممالک کا یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے پر اتفاق

490

امریکا اور برطانیہ سمیت 28 ممالک نے یوکرین کو فوجی ساز و سامان کی فراہمی پر اتفاق کرلیا ہے۔

مغربی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کا کہنا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے، اتحادیوں سے دفاعی ہتھیار اور آلات یوکرین پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپ ماسکو پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے طاقت کا مظاہرہ کرے۔

دوسری جانب عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی حملے جاری ہیں۔ کیف میں میدان اسکوائر کے قریب دھماکا ہوا جب کہ کئی سمتوں سے حملہ کیا گیا۔

یوکرینی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ميكولائف میں روسی فوج  کو آگے بڑھنے سے روک لیا گیا ہے۔

ادھر نیو سربراہ اسٹولٹن برگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی یوکرین کو تعاون فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اتحادی کے دفاع اور حفاظت کے لیے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر نیٹ ورک کے تحفظ کو بھی بڑھا رہے ہیں۔