کے ایم ڈی سی کراچی کا پہلا بین الاقوامی میڈیکل کالج بن گیا

154

کراچی( رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمی کراچی کی زیر نگرانی چلنے والے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو سری لنکا کے 8 طالبعلموں کے داخلے کے بعد انٹرنیشنل میڈیکل کالج کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ ان تاثرات کا اظہار کراچی میڈیکل اینڈ ڈینیل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سلطان مصطفیٰ نے جمعہ کو ’’جسارت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ سری لنکا کے
طالبعلموں کا کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ ان کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کلچر ایکسچینج پروگرام کے تحت سری لنکن طلبہ کے ایم ڈی سی میں داخلہ لے سکے اور اس طرح کے ایم ڈی سی کو بین الاقوامی جامعہ ہونے کا اعزاز بھی مل گیا۔ڈاکٹر پروفیسر سلطان مصطفیٰ نے یہ بھی بتایا کہ کالج کے نئے تعلیمی سیشن کا آغاز بھی جمعہ سے ہوا ہے جن میں سری لنکا کی 6طالبات اور2طلبہ شامل ہیں۔ ان اسٹوڈنٹس کے ساتھ مقامی طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں ان میں 250 ایم بی بی ایس اور100 بی ڈی ایس کے طالبعلم ہیں۔کالج پرنسپل ڈاکٹر سلطان مصطفیٰ کا کہنا تھا غیرملکی طالبعلموں کے داخلے کی وجہ سے ہاسٹل کے کمروں کی ہنگامی بنیاد پر تزئین آرائش کرائی گئی جبکہ نئے بیڈز بھی بچھائے گئے ،ساتھ ہی خصوصی حفاظتی انتظامات کے لیے رینجرز اور حکام کو بھی ہنگامی اقدام کرنے کے لیے خصوصی مراسلہ بھیج دیا گیا۔ خیال رہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو سندھ کابینہ رواں ماہ یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دے چکی ہے۔
کے ایم ڈی سی