یوکرین کا عالمی برادری سے شکوہ، مدد کی اپیل کردی

600
یوکرین کا عالمی برادری سے شکوہ، مدد کی اپیل کردی

کیف: روس کی جانب سے مسلسل پیش قدمی کے بعد یوکرین نے عالمی برادری سے شکوہ کیا اور ساتھ ہی مدد کی بھی اپیل کر دی۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے رابطہ ہوا ہے، امریکا نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس کے حملوں کے بارے میں اطلاع دی، یوکرین کو پہلے سے زیادہ شراکت داروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ولودومیر زیلنسکی نے مطالبہ کیا کہ روس پر پابندیوں کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے، آج بھی طاقتور ممالک دور سے بیٹھے ہمارے حالات دیکھ رہے ہیں۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ کیا روس کل  پابندیوں سے متاثر ہوا؟ ماسکو پر یہ پابندیاں کافی نہیں ہیں، روس پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں جو پہلے کبھی نہ ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مضبوط حمایت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب یوکرین کی آرمی نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت کیف میں روسی افواج کی تیزی سے بڑھتی ہوئی پیش قدمی روکنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یوکرینی افواج کے مطابق یوکرینی افواج دارالحکومت کے شمال مغرب میں روسی افواج کے خلاف مزاحمت پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہاں موجود ایک دریا پر قائم پُل کو تباہ کر دیا گیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے روسی دستوں کو روکا جا سکے۔