معاشی صورتحال کے باعث پوری ملک کے حالات خراب ہیں ، مراد علی شاہ

207

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال کے باعث پورے ملک کے حالات خراب ہیں، اسٹریٹ کرائم کی وجہ ڈرگ کے عادی افراد ، ملک کی معاشی حالات بھی ہیں، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی، سیف سٹی کا ٹینڈر ہونے والا ہے، ہم عادی اسٹریٹ کرمنلز کی ای ٹیگنگ کرینگے،مراد علی شاہ نے کہا کہ صحافی اطہر متین کے قاتلوں تک پہنچ گئے ہیں،وفاق عوام کی آواز دبانے کے لیے قوانین بنارہا ہے،بلاول زرداری ناانصافیوں کے خلاف لانگ مارچ لیکر نکلیں گے اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نثار کھوڑو سندھ کے لوگوں کی نمائندگی کرتے رہے ہیں اور اب ایوان بالا میں سندھ کی آواز پہنچائیں گے۔ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی آواز دبانے کے لیے قوانین بدلے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے 32 ارب روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احتجاج کا سب کو حق ہے ،پی ٹی آئی کو بھی جلسوں کی اجازت ہے مگر پی ٹی آئی مارچ نہیں کررہی بلکہ یہ لوگ صوبوں کے ساتھ ظلم کرکے فیڈریشن کو کمزور کررہے ہیں۔انہوں نے شیخ رشید کی تجویز کو غیر اہم قراردیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم دوسروں کی طرح صرف ٹی وی پر باتیں نہیں کرتے، رینجرز نے امن کی بحالی میں پہلے بھی ہماری مدد کی ہے اور اب بھی رینجرز موجود ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کا اگر احتجاج پر امن رہا تو ٹھیک ہے۔کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔پی ٹی ایم کے اگر کوئی جائز مطالبات ہیں تو بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کو ہر زاوئیے سے دیکھ رہے ہیں اور اب طے ہوگیا کہ گزشتہ مردم شماری پر سندھ کا اعتراض درست تھا۔ قبل ازیں سینئر صحافی اطہر متین کی قیام گا ہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نیکہا کہ صوبائی حکومت نے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی تیار کرلی ہے، پولیس با اختیار ہے ، اسی پولیس نے اس شہر میں امن و امان بحال کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے یاد دلایا کہ پہلے کراچی دنیا کا چھٹا خطرناک شہر تھا اب 106 یا 107 نمبر پر ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی نے خود سے لے کر چوکی انچارج تک کو جوابدہ بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اطہر متین کی فیملی کی ہرممکن مدد کریں گے، ہم قاتلوں تک پہنچ گئے ہیں ، تفصیلات ابھی شیئر نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی کا ٹینڈر ہونے والا ہے۔ہم عادی اسٹریٹ کرمنلز کی ای ٹیگنگ کرنے جارہے ہیں۔اسٹریٹ کرمنلز کی ضمانت کو مشکل کرنے کے لیے قانون سازی ہوگی ،کوئی واقعہ نہیں ہونا چاہیے ، لیکن گینگز اور کرمنلز بھی پکڑے جارہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے شکوہ کیا کہ میڈیا پر غلط خبریں چلائی جاتی ہیں ,کورنگی کاز وے پر 100 لوگوں کی لوٹ مار والی خبر غلط تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اطہر متین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔