اسلام آباد ہائیکورٹ:فیصل واوڈا کی نااہلی کے خلاف اپیل مسترد

410

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں،  فیصل واوڈا کا  اپنا کنڈکٹ ہی موجودہ نتائج کا باعث بنا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصل واوڈا کی جانب سےاپنی تاحیات نااہلی کے فیصلےپر جمع کرائی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ تک الیکشن کمیشن اور کورٹ کے سامنے فیصل واوڈا تاخیر کرتے رہے اورشہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے بھی انکار کیا۔

عدالت کا کہنا تھاکہ فیصل واوڈا کی ذمہ داری تھی کہ مجازاتھارٹی سے دہری شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ پیش کرکے اپنی نیک نیتی ثابت کرتے، انہوں نے نااہلی کیس میں کارروائی سے بچنے کیلئے استعفیٰ دیا۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی تاحیات نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں سابق وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا ہے اور ان کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دیا تھا جس کےبعد ان کا بطور سینیٹر الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ فیصل واوڈا نے سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔