وزیر اعلی پنجاب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات

275

لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ استعفوں سے راہ فرار اختیار کرنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا۔ بعض جماعتیں پہلے ہی اپوزیشن اتحاد کے خلاف عدم اعتماد کرکے راستے جدا کر چکی ہیں لہٰذا بکھری ہوئی پی ڈی ایم پہلے اپنے گھر کو دیکھے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن ملک کو ریورس گئیر لگانا چاہتی ہے۔حکومت مضبوط ہے اور اپوزیشن کمزورہے۔ساری اپوزیشن اول تو ایک ہو نہیں سکتی، اگر اکٹھی ہو بھی جائے تو بھی وزیر اعظم عمران خان کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں۔موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کی آنیاں، جانیاں اسی طرح چلیں گی۔ اپوزیشن پرعوام عدم اعتماد کا اظہار کر چکے، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔انہوںنے کہاکہ افراتفری پھیلانے کی  کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔