مودی ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا، چوہدری شجاعت

493

 پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے عالمی یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم بند کرے، آزادی کی اس جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور انشاءاللہ رہیں گے،مودی جان لے کہ وہ ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی 74 سالہ جدوجہد کا عالمی برادری کو اعتراف کرنا چاہئے، مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم کی بڑھتی داستانیں دنیا کے سامنے لانے کیلئے ہر کسی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ساری پاکستان قوم اور افواج کشمیریوں کی آزادی کی حمایت کرتی ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام امن پسند عالمی تنظیمیں مودی کی امن کیخلاف سازشوں کا نوٹس لیں، افواج اور حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ حقیقت پسندانہ بات ہر فورم پر کی ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھاکہ نریندر مودی جان لے کہ وہ ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا، یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی قوم ایک بار پھر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ تجدید عہد کرتی ہے، خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ہر قسم کا جبر و تشدد انتہا کو پہنچ چکا ہے، کشمیری بھائیوں کی بھارتی چنگل سے آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے خطے میں امن متاثر ہو سکتا ہے، خطے میں ترقی کا پہیہ تبھی چلے گا جب پاک بھارت تعلقات خوشگوار ہوں گے اور کشمیر کو آزادی ملے گی۔