عثمان ڈار کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ سے ملاقات، کھیلوں کے فروغ پر گفتگو

272

معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں، ہفتہ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپین آصف باجوہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی کھیل کے میدان میں صلاحیتوں اور لگن کو سمجھتے ہوئے کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ اور اسپورٹس اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، خصوصا خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر میں دس مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ کے پہلے فیز میں 12کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، اسکواش، والی بال، اسکی ، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں،عثمان ڈار نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ستاروں کی نشاندہی اور چنا ﺅکے لئے ضلعی اور ملکی سطح پہ ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 25 علاقہ جات میں کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے،انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تحت 12یونیورسٹیوں میں عالمی میعار کی اسپورٹس اکیڈمیاں اور ہائی پرفارمنس سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں جہاں نہ صرف کامیاب کھلاڑیوں کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی،عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب کھیلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پہ کھیلنے اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کا سنہرا موقع فراہم کیا جائے گا، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلئے شروع کیے گئے منصوبے انتہائی خوش آئند ہے،ان منصوبوں سے مختلف کھیلوں میں قومی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے باصلاحیت جوان سامنے آئینگے، کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ ملکر ملک میں ہاکی کے فروغ کیلئے تیار ہیں۔