فرانس سے برطانیہ جانے والی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 31 افراد جاں بحق

249

برطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوشش میں فرانس کے شہر ’کیلے‘ کے قریب سمندر میں 31 تارکین وطن کی موت کے بعد فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے کہا ہے کہ ’انگلش چینل کو قبرستان نہیں بننے دیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی بندرگاہ کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 31 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ کشتی میں 34 افراد سوار تھے جس میں 2 افراد کی جان بچالی گئی ہے۔ فرانس کے صدر نے کہا کہ جرائم پیشہ اسمگلر انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، فرانس سے برطانیہ جانے والے سمندری راہ گزر دی چینل کو پناہ گزینوں کا قبرستان نہیں بننے دیا جائے گا۔ اس واقعے کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف مشترکہ کاوشوں میں تیزی لانے کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

واضح رہے کہ 2014 کے بعد تارکین وطن کے ڈوبنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے جسے اقوام متحدہ کے تحت نقل مکانی کی تنظٰم آئی او ایم نے انسانی جانوں کے زیاں کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا ہے۔