امریکا لیگل فریم ورک میں اصلاحات کرے، اقوامِ متحدہ

488

واشنگٹن: اقوام متحدہ نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ لیگل فریم ورک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرے تاکہ نسلی اقلیتوں کے حقوق یقینی بنائے جاسکیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ میں اقلیتوں سے متعلق حقوق کے خصوصی مندوب فرنینڈ ڈی ویرینیس نے  کہا ہے کہ امریکا کو قانونی فریم ورک کے حوالے سے داخلی سطح پر نئی ڈیل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ان جمہوریتوں میں سے ہے جہاں انسانی حقوق اور ان کے تحفظ سے متعلق قانون سازی نامکمل ہے، 60 برس پرانے قوانین تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہے، جن کی وجہ سے اقلیتوں کو عدم مساوات، تعصب اور تنہا کیئے جانے کا سامنا ہے۔

خصوصی مندوب کا کہنا تھا  کہ اقلیتوں کے خلاف منافرت کے جرائم بڑھ رہے ہیں، جس سے سیاہ فام سب سے زیادہ متاثر ہیں، زیادہ امکان یہی ہوتا ہے کہ سیاہ فاموں کو وفاقی اور ریاستی سطح پر ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھا جائے گا۔