چیئرمین سینیٹ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو 

204

 آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی حالیہ انسانیت سوز کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور نوجوانوں کوشہید کرنے کے بعد انکے جسد خاکی ورثہ کو نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے آزاد کشمیر میں سیاحت اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے فروغ کے لیے آزاد کشمیر حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر رہنے والے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ریاست میں ترقی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔