پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد عوام کو سکھ کا سانس نہیں ملا، جاوید قصوری

236

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کہ  مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پالیں گےپر اپنارد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے ،عوام پر اسی وقت سے مشکل وقت آچکا ہے، قوم کوایک دن بھی سکھ کا سانس نہیں ملا، وزیر اعظم اور ان کی پوری ٹیم مہنگائی میں مسلسل اضافہ کرتی چلی آرہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہناتھاکہ حکمرانوں کے پاس وہ کون سی گیدڑ سینگی ہے جس سے مہنگائی پر قابو پالیں گے۔؟ عوام کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ ساڑھے تین سال گزر جانے کے باو جود بھی تحریک انصاف کی حکومت سے خیر کی امید نہیں۔اگر کوئی اب بھی حکمرانوں کو نجات دہندہ سمجھتا ہے تو وہ خوابوں کی دنیا میں رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر ملکی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح178روپے سے تجاوز کرگیا۔ایک ہفتے کے دوران مہنگائی ساڑھے سترہ فیصد بڑھ چکی ہے، قرضوں میں 16سو ارب کے اضافے سے مجموعی حکومتی قرضہ 41ہزار ارب ہو گیا ،تبدیلی حکومت قوم پر بوجھ بن چکی ہے۔ کب تک عوام جھوٹے ، مکار، اور فریبی حکمرانوں کی چکنی چوپڑی باتوں پر یقین کرکے خود کو اذ یت دیتے رہیں گے۔ اب وقت آگیاکہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کو عوام کی بجائے ذاتی مفاد ات عزیز ہیں۔ وہ سارے مقدمات سے جان چھڑا نے کے لیے این آر او کی تلاش میں ہیں۔ اپوزیشن کے نام پر مسلم لیگ ، پیپلزپارٹی نے قومی جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ قوم ان کی حقیقت جان چکی ہے ۔ آزمائے ہوئوں کو بار بار آزمانا دانشمندی نہیں۔جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان اور دکھ سکھ کی ساتھی ہے۔