امارات کا اپنی شاہراہوں پر از خود چلنے والی کاروں کی جانچ کرنے کا اعلان

292

متحدہ عرب امارات نے اپنی شاہراہوں پر از خود چلنے والی کاروں کی جانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ از خود کاریں چلانے کا تجربہ کرنے والا مشرقِ اوسط میں پہلا اور دنیا کا دوسرا ملک ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے یو اے ای میں یہ ایک اور نئی جدت متعارف کرانے کا اعلان کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرز کی گاڑی کے بارے میں ہماراہدف یہ ہے کہ یہ زیادہ محفوظ اور قابل اعتماد ہو۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ آج میں نے دبئی ایکسپو 2020 میں کابینہ کے ایک اجلاس کی صدارت کی ہے۔اس میں ہم نے وزارت داخلہ کی یواے ای کی شاہراہوں پر ازخود چلنے والی کاروں کا تجربہ شروع کرنے کے بارے میں پیش کردہ درخواست کی منظوری دی ہے اور اس کی رپورٹ کونسل کو پیش کردی ہے تاکہ اگر وزارت داخلہ مجاز حکام کے ساتھ مل کراس ٹیکنالوجی کو اختیار کرتی ہے تواس کی مستقل منظوری دی جاسکے۔شیخ محمد بن راشد نے یواے ای میں ریٹائرڈ غیرملکیوں کو اقامت کی اجازت دینے سے متعلق قواعد وضوابط کی بھی منظوری دے دی ہے۔ان کے تحت غیرملکی ریٹائرمنٹ کی صورت میں یواے ای ہی میں مقیم رہ سکتے ہیں۔حاکم دبئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک میں ہرکسی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے وفاقی حکومت میں خصوصی فنڈزکی پالیسی کی بھی منظوری دی ہے۔اس کے قواعد وضوابط کے تحت سرکاری ادارے اپنے ترقیاتی پروگراموں کےلیے ازخود فنڈز فراہم کرنے کا بندوبست کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد کار سرکار کی پیداواریت اور لچک داری کو بڑھانا ہے تاکہ عوام کے لیے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔