پاکستان نے بھارت سے ورلڈ کپ میں نہ جیتنے کا بھوت اُتار دیا

355

کراچی (تجزیہ: مظفر اعجاز) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے طویل عرصے بعد بھارت کو کسی ایسے بین الاقوامی مقابلے میں شکست دے دی جس میں ورلڈ کا لاحقہ لگا ہوا ہے۔ ورنہ کہا جاتا تھا کہ بھارت سے میچ ہے تو ہارنا پڑے گا۔ اور اتوار کے میچ میں بیک وقت متعدد خصوصیات تھیں۔ پہلی تو یہ کہ پاکستان نے 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دی ہے۔ اس سے قبل تاریخ میں بھارت بھی پاکستان کو اس طرح نہیں ہرا سکا۔ دوسری بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے وہ نفسیاتی دبائو ختم کر دیا کہ پاکستان ورلڈ کپ نامی کسی ٹورنامنٹ میں بھارت کو ہرا نہیں سکتا۔ اس بھوت کو اتارنے کا سہرا موجودہ ٹیم کے سر ہے۔ جہاں تک ٹیکنیکل معاملے کا تعلق ہے تو پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کا موقع دیا اوریہ اب تک اس ٹورنامنٹ کی خاص بات ہے کہ وہ تمام ٹیمیں جو دوسری اننگز میں ٹارگٹ چیز کر رہی تھیں وہی جیت رہی تھیں۔ دوسری اہم بارت یہ کہ دونوں اوپنرز نے اپنے اعصاب کو سنبھال کر رکھا اور کسی قسم کی غلطی نہیں کی جتنی دیر وہ کریز پر رہے اتنا ہی دبائو بھارتی ٹیم پر بڑھتا گیا اور بھارت کی شکست پر منتج ہوا۔ پاکستانی ٹیم کے لیے ٹی۔20 میں بھارت کو شکست دینا بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس کامیابی کے اثرات آنے والے کئی برسوں تک رہیں گے لیکن یہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا۔ اس کامیابی پر اکڑ دکھانے یا تمام کامیابی کو اپنی کوششوں کا نتیجہ قرار نہ دیا جائے۔ یہ سراسر اللہ کی مہربانی تھی۔ بڑے وقار کے ساتھ اگلے میچز کھیلیں۔ پاکستان کل تک ورلڈ کپ میں جتنا فیوریٹ تھا پہلے میچ میں کامیابی کے بعد اس کا دو گنا فیوریٹ ہو گیا ہے۔