مستونگ؛ سکیورٹی فورسز کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

505

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات دہشت گرد ممتاز پہلوان کی موجودگی کی اطلاع پر مستونگ کے علاے کانک میں آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ممتاز پہلوان مارا گیا۔

ہلاک دہشت گرد ممتاز پہلوان انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر بم حملے میں 4 اہلکار شہید جبکہ افسر سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ہرنائی لیویز کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا تھا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان 139 ونگ کے قافلے کو کوئٹہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر شاہرگ اور کھوسٹ کے درمیان نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل جمعے کو آواران میں فورسز کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تھے۔