بلوچستان بھر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ شدید بارش کی پیشگوئی

309
فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان بھر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں جمعہ کے صبح ہی سے موسم ابر آلود تھا جب کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی شروع ہو چکی تھی جب کہ کچھ علاقوں میں بارش کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

موسم کے حوالے سے پیش گوئی میں ماہرین نے بتایا کہ صوبے میں گرج چمک کے ساتھ آندھی اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے علاوہ شدید براش کا بھی امکان ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ اور اطراف کے علاقوں میں موسم یکسر تبدیل ہوگیا، جس سے ہوا میں خنکی آ گئی جب کہ پشین، سرانان، کچلاک سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی اطلاعات ہیں۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جب کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود ہوگیا ہے۔شمالی اضلاع میں چند مقامات پر وقفے وقفے بارش شروع ہو چکی ہے۔ صوبے کے 25 سے زائد اضلاع میں آج شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی میں بارش متوقع ہے۔

علاوہ ازیں لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ، لسبیلہ، قلات ، خضدار، زیارت، مسلم باغ، ہرنائی، نصیر آباد ، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش متوقع ہے۔ بعض اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔