پولیو مہم اور کورونا وائرس کے انتظامات میں شکارپور سب سے آگے

144

شکارپور (نمائندہ جسارت) پولیو مہم اور کورونا وائرس کے انتظامات میں شکارپور، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں سب سے آگے ہے۔ اس بات کا اعتراف کمشنر لاڑکانہ نے کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شکارپور جیکب آباد کے ڈرینج کے سیمپلس سے پولیو وائرس ملنے کی تصدیق ہوئی ہے، ہمیں الرٹ رہنا ہوگا، کاشف نبی کھڑو۔ 20 ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت ڈپٹی کمشنر شکارپور کاشف نبی کھڑو نے کی اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شکارپور کاشف نبی کھڑو نے کہا کہ شکارپور پولیو مہم اور کورونا وائرس کی کارکردگی لاڑکانہ اور سکھر ڈویژ ن میں سب سے بہتر ہے۔ اس بات کا اعتراف کمشنر لاڑکانہ نے پولیو کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر شکارپور نے کہا کہ حالانکہ شکارپور میں دوسرے اضلاع کے مقابلے میں ہیومن ریسورس، امن امان اور انفرا اسٹرکچر کے مسائل زیادہ ہیں پھر بھی شکارپور بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے اور اس کا سہرا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور اس کی ٹیم کو جاتا ہے۔ کاشف نبی کھڑو نے مزید کہا کے زیرو ڈوز اور نان اویل ایبل بچوں پر مزید توجہ کی ضرورت ہے جیکب آباد اور سکھر کے ڈرینج میں ملنے والے سیمپل سے پولیو وائرس ثابت ہوا ہے، اس لیے مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر عاشق شیخ، ڈاکٹر صلاح الدین شیخ، اسسٹنٹ کمشنر جواد احمد لاڑک اور دیگر افسران نے شرکت کی۔