وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا آرٹس کونسل کا دورہ

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر وفاقی سطح پر غیرجانبدار فلم و ٹی وی ایوارڈز دسمبر میں منعقد کرے گی جب کہ ملک میں فنون اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے آرٹس کونسل کے اشتراک سے پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ خوشی کی بات ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان اب ترقی کر کے پاکستان کا سب سے بڑا ثقافتی ادارہ بن چکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام آرٹس کونسل کے دورے کے موقع پر کیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نائب صدر منور سعید، سیکرٹری اعجاز فاروقی، جوائنٹ سیکرٹری اسجد بخاری اراکین گورننگ باڈی کاشف گرامی، سعادت جعفری، بشیر سدوزئی، عنبر حسیب عنبرین، بشیر سدوزئی شکیل خان، چاند گل، عرفان اللہ خان کے ہمراہ وفاقی وزیر کو آرٹس کونسل میں خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بے شک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں تبدیلی نظر آتی ہے جو دنیائے اردو کی سب سے بڑی اور علاقائی زبانوں کی کانفرنسز ملک کے ہر علاقے کے کلچر کی ترقی اور دیگر آرٹس پرفارمنگ کانفرنس و سیمینار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو سکھانے اور پڑھانے کی سہولت کے لیے آرٹ انسٹیٹیوٹ قائم کیا ہے، یہ بہت بڑی خدمت ہے۔ فواد چودھری نے آرٹس کونسل میں پودا لگانے کے بعد اوپن ائر تھیٹر سمیت آرٹس کونسل کی تمام عمارتوں میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔