وفاق حقوق پر ڈاکا ڈال کر سندھ دشمن پالیسی پر گامزن ہے، شاہد خان

225

شہدادپور (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع سانگھڑ کی جانب سے پانی کی قلت اور وفاق کی جانب سے زیادتیوں کیخلاف ایم پی اے شاہد خان تھیم، سرفراز راجڑ، جاوید نایاب لغاری، علی حسن ہنگورجو، ذوالفقار زرداری، جہانگیر جونیجو ودیگر کی قیادت میں تھیم ہائوس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وفاق سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈال کر سندھ دشمن پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے حصہ کا پانی بند کر کے سندھ کی زرعی زمین کو بنجر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کے کنارے پہنچ گیا ہے۔ دھرنے میں پارس ڈیرو، شکیل مری، تاج محمد، جاوید شورو، خادم رند سمیت سیکڑوں رہنمائوں، عہدیداروں، کارکنان اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔