عراق: 2003 سے اب تک 150 ارب ڈالر اسمگل ہوچکے ہیں، صدر مملکت

348

عراقی صدر برحم صالح نے انکشاف کیا ہے کہ 2003 کے بعد سے تقریبا 150 ارب ڈالرز ملک سے باہر اسمگل ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی صدر نے اپنی ایک تقریر میں کہا کہ انہوں نے اسمگل شدہ رقم کی وصولی کے لئے ایک بل تیار کیا ہے۔

انہوں نے مالی اور انتظامی بدعنوانی سے نمٹنے کے حوالے سے کہا کہ حکومتی اور بین الاقوامی اعداد و شمار سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2003 سے عراقی تیل سے حاصل شدہ آمدنی 1 کھرب کے قریب ہے۔ اس میں سے جو رقم اسمگل کی گئی وہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کافی تھے۔

عراقی صدر نے وضاحت کی کہ انہوں نے اسمگل شدہ رقوم کی وصولی ، بدعنوانوں کی جوابدہی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کیا ہے۔

صالح نے کہا ، “اس بل میں مالیاتی اور نگرانی کے اداروں کی حمایت اور ان کو فعال کرنا بھی شامل ہے ، بدعنوانی نے ملک کی ترقی کو متاثر کیا ہے۔