نوازشریف پیپلزپارٹی سے پرانے حساب چکتارہے ہیں‘حافظ حسین

32

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علمااسلام کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف لندن میں پناہ گزین بن کر پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی سے اپنے پرانے حساب چکتا رہے ہیں،جس کے لیے وہ بڑی ہوشیاری سے مولانا فضل الرحمن کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پرمختلف وفود اور میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی تشکیل اور قیام کا سہرا تو پیپلزپارٹی کے سر بنتاہے مگر نوازشریف اور فضل الرحمن کی مبینہ ملی بھگت نے پی ڈی ایم کی تحریک میں اپنی ناکامیاں پیپلزپارٹی کے سر تھوپ دیں،حالانکہ ابتدا میں ہی باقی 9 پارٹیوں کے سربراہان تو آصف زرداری کے ہاتھوں محض کٹھ پتلی بن رہے تھے جبکہ نہ صرف ضمنی اور سینیٹ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے یکطرفہ کیے گئے فیصلے مانے گئے بلکہ نہ چاہتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو بھی نہ صرف گود لینا پڑا بلکہ کامیابی بھی دلوادی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مخصوص مقاصد کے حصول کیلیے فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کاصدر اور شاہد خاقان عباسی کو سیکرٹری جنرل بناکر ایک طرف شہباز شریف کے لیے ’’برادر یوسف ‘‘ بنے رہے تو دوسری جانب علاج کے بہانے ملک سے فرار ہو کر لندن بیٹھ کر ’’رینٹل اتحاد‘‘ اور اس کی قیادت کو بے دریغ استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ درپردہ ایک خاتون مسافر پر انتہائی خطرناک بیماری کا’’لیبل ‘‘ لگانے کی فریب کاری کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے اور مشہور و معروف انتہائی خطرناک وائرس ’’عدنان 21‘‘ کی تیسری لہر کی لندن سے نزول کی بھی اطلاع ہے۔