رینٹل مارچ کا ایجنڈا ابوجان کے پاس لندن جانا ہوگا، حافظ حسین

208

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا’’ رینٹل مارچ ‘‘قریب آرہا ہے،اس کا بنیادی ایجنڈا ابو جان کے پاس لند ن جانا ہی ٹھیرے گا، مولانا فضل الرحمن سے اختلاف کے باوجود بلاول زرداری اور مریم نواز کی جانب سے پی ڈی ایم کے طے شدہ متفقہ فیصلوں کو یکطرفہ طور پر بار، بار ویٹوکر کے پی ڈی ایم کے سربراہ کی بے عزتی اور بے توقیری اب نا قابل برداشت ہورہی ہے، ماضی میں شیخ رشید نے بھی مولانا فضل الرحمن کے خلاف باتیں کی تھیں تو میدان ہم نے ہی سنبھالا تھا اور شیخ رشید کو لال حویلی تک پہنچادیاتھا۔ وہ بدھ کو سندھ کے صحافیوں اور وائس آف لندن کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو بادل ناخواستہ یوسف رضا گیلانی کو گود لینا پڑا، یہ فیصلہ پی ڈی ایم کے طے شدہ موقف کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے مترادف ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 40 سال اسٹیبلشمنٹ اور مارشل لا کے زیرسایہ سیاسی کھیل کھیلا ، کرپشن میں پکڑے جانے پر جب وہ نظریاتی بن بیٹھے تو بیماری کا ڈراما رچاکر لندن جاکر پناہ گزین بن گئے، اب جبکہ 26 مارچ کو ’’رینٹل مارچ ‘‘قریب آرہا ہے اس لیے کچھ لوگوں کو ایسی چھوٹی سرجری کی ضرورت بھی درپیش ہے جو پاکستان میں ممکن نہیں ہے اس مجبوری کی وجہ سے ابو جان کے پاس لندن ہی جانا ہوگا در اصل یہی پیغام ہے مولانا فضل الرحمن ، پی ڈی ایم کے دیگر قائدین اور اسٹیبلشمنٹ کے لیے اور یہی ’’ رینٹل مارچ ‘‘ کا بنیادی ایجنڈاہوگا۔