پی ایس ایل 6 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا

510

لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز رنگارنگ افتحاحی تقریب سے ہوگا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب عالمی شہرت یافتہ فنکار پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے، جبکہ تقریب کا کچھ حصہ ترکی میں خصوصی طور پر بنائے گئے ایک اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ایونٹ کے ابتدائی 4 ایڈیشنز کی افتتاحی تقاریب دبئی میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ 5ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔اس ریکارڈڈ تقریب کی میزبانی بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کرے گا۔

روایت کے مطابق افتتاحی تقریب کے فوری بعد لیگ کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کا کہنا ہے کہ اس سال ایونٹ کی افتتاحی تقریب بہت پرجوش ہوگی کیونکہ اس مرتبہ پاکستانی مداحوں کو تقریب دکھانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح افتتاحی تقریب کے اختتام پر ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ یہ تقریب پی ٹی وی اسپورٹس اور نجی پاکستانی چینل پر نشر ہوگی۔ تقریب کےنشر ہونے کے اوقات کار کے بارے میں بعد میں آگاہ کردیا جائے گا۔