کراچی پولیس کی ناردرن بائی پاس پر باڑ لگانے کی تجویز

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے ناردرن بائی پاس پر باڑ لگانے کی تجویز پیش کردی۔ پولیس نے تجویز نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوایک مراسلے میںدی،پولیس حکام کے مطابق شہر سے چھینی اور چوری کی گئی گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں ہوں یا اسمگلنگ کا روٹ، دہشت گردوں کی آمد و رفت ہو یا اغوا برائے تاوان کی وارداتیں، زیادہ تر جرائم کی کڑیاں اسی راستے سے ملتی ہیں۔اس فینسنگ سے نہ صرف جرائم روکنے میں مدد ملے گی بلکہ ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہوگا۔حکام کے مطابق 10 مہینوں میں 1500 گاڑیاں اور 32 ہزار موٹرسائیکلوں سے کراچی کے شہریوں کو محروم کیا جاچکا ہے۔ان حقائق کے پیش نظر پولیس حکام نے ناردرن بائی پاس پر باڑ لگانے کی تجویز پر مبنی خط این ایچ اے حکام کو لکھ دیا ہے۔تجویز ایس ایس پی اے وی ایل سی کی جانب سے سینئر حکام کو دی گئی۔خط میں لکھا گیا ہے کہ شہر سے چھینی اور چوری کی گئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی اسی روٹ سے اسمگلنگ ہوتی ہے۔خط کے مطابق دہشت گردی، اغوا برائے تاوان یا کراچی میں ہونے والا کوئی بھی جرم ہو، ان میں سے بیشتر کی کڑیاں ناردرن بائی پاس کے بعد بلوچستان سے ملتی ہیں۔ناردرن بائی پاس کا دوسرا حصہ جرائم پیشہ عناصر کی آمد و رفت کا راستہ رہا ہے، جرائم روکنے کے لیے پولیس پیٹرولنگ یونٹس اور مستقل چوکیاں بھی موجود ہیں، لیکن نفری اور وسائل اتنے نہیں کہ مکمل ناردرن بائی پاس کو کور کیا جاسکے۔خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ندی کے خشک حصے سے گاڑیاں بھی بغیر ٹول کے بلوچستان میں آتی اور جاتی رہتی ہیں۔اس فینسنگ سے نہ صرف جرائم روکنے میں مدد ملے گی بلکہ ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہوگا۔