پاکستان اسٹاک،50 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ

169

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںمنگل کوکاروبار حصص میں زبردست تیزی رہی اورایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان کے زیر اثر پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری میںسرگرم دکھائی دیے اوراس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی 41ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 369پوائنٹس کے اضافے سے 41153.05 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ50.62فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت48ارب54کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت28.60 فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں موجودہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی لی گئی جس کے باعث تیزی رہی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے41784پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیاتاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت کا دبائو بڑھنے سے مذکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا اورکے ایس ای100انڈیکس369.01پوائنٹس کے اضافے سے 41153.05پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 209.91پوائنٹس کے اضافے سے17308.15پوائنٹس ،کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 190.59پوائنٹس کے اضافے سے28861.56پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس952.42پوائنٹس گھٹ کر 65935.93پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔منگل کو403 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔