پی آئی ڈی سی بم دھماکا کیس‘ملزم کی عدم رہائی پر سماعت

108

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پی آئی ڈی سی بم دھماکا کیس، بم دھماکے کے ملزم عبدالحمید بگٹی کی بریت کے باوجود رہا نہ کرنے کے معاملے پرعدالت نے متعلقہ فریقین کو طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ میں پی آئی ڈی اسی بم دھماکا کیس کے ملزم عبدالحمید بگٹی کی بریت کے باوجود رہا نہ کرنے کے معاملے سے متعلق سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹری کو 10 نومبر کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ملزم کے خلاف کیس کا تمام ریکارڈبھی پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت میں ڈی آئی جی سائوتھ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا،جس میں کہا گیا کہ عبدالحمید بگٹی کے خلاف قتل، دھماکا خیز مواد اور دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے،ملزم کو 29 جون 2007ء کو گارڈن تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ملزم کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے،بی ایل اے نے حال ہی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملہ کیا تھا،ملزم ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے،ملزم کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے،ملزم کو 90 روز کی نظر بندی پر سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا،سندھ حکومت سے سفارش کی گئی کہ ملزم کی نظر بندی میں مزید توسیع کی جائے۔محکمہ داخلہ سندھ نے ملزم کی نظر بندی میں 90 دن کی توسیع کردی ہے۔