ڈیرہ مراد جمالی کینال میں ڈوب کر 3 بچیاں جاں بحق

209

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں فائرنگ، گیس لیکیج کے باعث دھماکے اور دیگر واقعات میں3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ مراد جمالی پٹ فیڈر کینال میں ایک ہی خاندان کی 3 بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں‘ 2 بچیوں فریدہ اور فلک کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تیسری بچی ریشماں کی تلاش آخری اطلاعات تک جاری تھی۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی برأت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے بادینی اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے بشیر احمد ولد احمد شاہ جاں بحق ہوگیا ضلع کچھی میں پرانی دشمنی کی بنا پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا‘ بالاناڑی کے گوٹھ بوہڑ کے رہائشی علی محمد شاہوانی ولد ارض محمد شاہوانی کی نعش کو سول اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔