مذاکرات کامیاب‘ بلوچستان میں عید الاضحی تک مارکیٹیں رات 12بجے تک کھلیں گی

198

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنمائوں نے 29 جولائی سے عیدالاضحی تک مارکیٹیں اور دکانیں رات 10 بجے کے بجائے12بجے تک کھلی رکھنے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم عبدالباسط کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے ‘ جس کے بعد حکومت نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ اور جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا نے سینئر نائب صدر حضرت علی اچکزئی ، صدر موبائل ایسوسی ایشن حاجی ظفر کاکڑ ، سینئر نائب صدر حاجی حسام الدین ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 مہینے سے کورونا کی عالمی وبا کے باعث کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری کو مسائل کا سامنا ہے اس سلسلے میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے عہدیداروں نے صوبائی حکومت سے مذاکرات کیے‘ چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کرکے انہیں تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا و دیگر نے ہوم سیکرٹری حافظ عبدالباسط کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے جس میں29 جولائی سے عید الاضحی تک مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز رات 12بجے تک کھولنے اور31 جولائی بروز جمعہ کو لاک ڈائون نہ کرنے کا فیصلہ ہوا جس پر تاجر برادری ہوم سیکرٹری حافظ عبدالباسط کی مشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں تاجر برادری نے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کھولنے اور گاہکوں کو ریسٹورنٹس کے اندر بٹھانے کا بھی مطالبہ کیا جس پر سیکرٹری داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عید کے فوراً بعد اس مسئلے کو بھی افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عید کے بعد شادی ہالوں کو کھولنے اور ریسٹورنٹس میں گاہکوں کو ایس او پیز کے تحت بٹھانے کی اجازت مل جائے گی۔